23 ستمبر 2017ء کیا ہونے والا ہے؟


٢٣ ستمبر ٢٠١٧ء کو کیا ہونے والا ہے؟ کیا کوئی گم نام سیارہ زمین سے ٹکرا جائے گا؟ کیا کوئی خلائی مخلوق زمین پر حملہ آور ہوگی؟ یا پھر تیسری جنگ عظیم کا آغاز ہوگا؟ یہ سب وہ سوالات ہیں جو آج کل سوشل میڈیا پر بادشاہ بن کر گھوم رہے ہیں - ہر کسی کے دل میں ڈر اور ماتھے پر بَل نظر آتے ہیں۔

سب سے پہلے تو میں یہ بتاتا چلوں کہ یہ سب باتیں محض "افواہ" کا درجہ رکھتی ہیں اور ان میں رتّی بھر بھی حقیقت نہیں۔ دراصل یورپی تاریخ میں سال کے دو مہینے "ستمبر" اور "دسمبر" کو قدرِ مشکوک سمجھا جاتا ہے۔ ان مہینوں سے جڑا یہ ڈر ایک لمبے عرصے سے پایا جاتا تھا لیکن ہالی ووڈ فلموں نے اس کو اور زیادہ ہوا دی جس سے یہ لوگوں کے لیئے پتھر پر لکیر ہوگیا۔ یورپ شروع سے ہی توہمات اور اثرات کی نظر رہا ہے جو نسل در نسل چلتی رہیں  لیکن اب ان لوگوں نے بہت سی باتوں سے پیچھا چھڑا لیا ہے البتہ کچھ تذکرے اس قدر ڈھیٹ ہوتے ہیں کہ سالوں بعد بھی ان کو ذرا سی ہوا دی جائے تو اس سے جڑا وہی ڈر پھر سے سر اٹھا لیتا ہے۔

٢٠١٢ء میں کچھ نامعقول افراد نے یہ افواہ اڑائی تھی کہ سورج میں کچھ ایسی ہلچل ہوں گی جو پہلے کبھی بھی نہیں ہوئیں، اس کا مطلب کہ "یہ دنیا ١٢ دسمبر ٢٠١٢ء کو تباہ ہو جائے گی"۔ ابھی یہ افواہ جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیلی ہی تھی کہ اس پر ایک ہالی ووڈ فلم بھی تیار کر لی گئی جس میں گرافکس کی دلچسپ ایڈیٹنگ کی مدد سے دسمبر ٢٠١٢ء میں ہونے والی تباہی کی متوقع منظر کشی دکھائی گئی۔ اب دنیا بھر کے لوگ یہ افواہ سننے اور یہ فلم دیکھنے کے بعد یوں سمجھنے لگ گئے کہ وہ اس دنیا میں اپنی زندگی کے آخری دن گزار رہے ہیں۔ بس دسمبر سے پہلے کے جتنے بھی دن باقی تھے،  لوگوں نے انھیں قبل ازموت سمجھ کر وہ کارنامے سرانجام دیے جن سے بڑی جاہلانہ حرکات کا ثبوت تاریخ میں نہیں ملتا۔ پر آج ٢٠١٧ء ہے اور الحمدللّلہ آج تک دنیا تباہ نہیں ہوئی جس کی پیش گوئی ٢٠١٢ء میں کی گئی تھی۔ یوں سمجھ لیں کہ اگر کسی افواہ کو مقبول کرنا ہو تو افواہکاروں کے لئے ستمبر اور دسمبر کے مہینے موزوں ہوتے ہے۔
اس سال بھی ۲۳ ستمبر کے بارے میں کچھ ایسی ہی افواہیں سامنے آئی ہیں۔ اگرچہ ہر مہینے کے آغاز میں ناسا اور دوسری فلکیاتی ویب سائٹس پورے مہینے میں پیش آنے والے فلکیاتی حالات و واقعات سے آگاہ کرتیں ہیں۔
ستمبر ٢٠١٧ء میں ورگو نامی کونسٹلیشن میں کچھ اہم حرکات رونما ہوں گی لیکن ان کا رونما ہونا کوئی نئی بات نہیں کیونکہ یہ سال کے دوسرے مہینوں میں بھی پیش آتی رہتی ہیں۔ لیکن ستمبر میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کو اس طرح دنیا کے سامنے پیش کیا جارہا ہے جیسے امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے بھی اس تباہی کی تصدیق کردی ہو، حالانکہ ناسا تو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں اس ماہ کی خبریں نشر کرتا ہے۔
دراصل اس بات کا تعلق عیسایوں کی مقدّس کتاب "انجیل" یعنی بائبل سے ہے۔ اس کتاب کی بارہویں سورت "ریویلشن" میں کچھ خدائی باتیں لکھیں ہیں جن کا مفہوم یوں ہے کہ "جب ایک عورت سورج کے لباس میں ہوگی، اور اس کے پیروں تلے چاند ہوگا۔ اس کے سر پر بارہ ستاروں کا تاج ہوگا اور اس وقت وہ عورت حاملہ ہوگی جو ایک بچے کو جنم دینے کے لئے درد سے چِلّا رہی ہوگی اور وہ بچہ پوری دنیا کی بادشاہت سنبھالے گا"۔
جب سے علمِ فلکیات کا آغاز ہوا ہے، سائنسدانوں نے ستاروں کے پیٹرنز کو جوڑ کر کچھ خیالی مجسمے اپنی آسانی کے لئے تصور کر لئے۔ انہیں "ستاروں کے جھمکے یا بُرّج" یعنی کونسٹلیشن کہتے ہیں۔ پورے سال میں سورج جن بُرّجوں  کے سامنے سفر کرتا ہے، ان کے مختلف نام رکھے گئے ہیں۔ ٢٣ ستمبر ٢٠١٧ء کو ورگو نامی بُرّج میں سورج موجود ہوگا۔ ورگو کا مجسمہ ایک عورت کا ہے۔ اور سورج کی اس بُرّج میں موجودگی اس کتاب میں لکھی بات کے مطابق ہے کہ "اس عورت نے سورج کا لباس پہنا ہوگا"، اس کے بعد اسی رات چاند عورت کے پیروں کی طرف ہوگا اس لئے یہ واقعہ بھی اس بات کی حمایت معلوم ہوتا ہے کہ "اور اس کے پیروں تَلے چاند ہوگا"۔ مزید براں،  سنبلہ بُرّج کے سر کی طرف "لیو" یعنی اسد نامی بُرّج ہے جس میں ظاہری نو ستارے ہیں اور اس سال تین سیارے، جن میں زہرہ، مریخ اور عطارد شامل ہیں، بھی اسی بُرّج میں موجود ہوں گے۔ اس طرح کُل بارہ ستارے نظر آئیں گے یعنی "اس کے سر پر بارہ ستاروں کا تاج ہوگا"۔
یہ ویڈیو ملاحظہ فرمائیں۔
اس کے ساتھ مشتری بھی اس مہینے یہاں (عورت کے درمیانی پیٹ کے حصّےمیں) موجود ہوگا۔ اور اگلے چند مہینوں میں یہ سیارہ مشرق کی طرف یعنی اس عورت کے پیروں کی طرف جاتا ہوا نظر آئے گا۔ چونکہ مشتری نظامِ شمسی کے تمام سیاروں میں سب سے بڑا سیارہ ہے اور "سیاروں کا بادشاہ" سمجھا جاتا ہے اس لئے اس چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ایک اور سازشی نظریے کے مطابق اس دن ایک "پلانٹ x" نامی کوئی سیارہ زمین سے ٹکرائے گا اور زمین پر موجود انسانوں کو اُسی طرح ختم کردے گا جیسے پہلے ڈائناسور ختم ہوئے تھے۔
فلکیاتی لحاظ سے یہ سورج کا ورگو کے بُرّج میں آنا، چاند کا یوں اس عورت کے مجسمے کے پیروں کی طرف ہونا اور باقی سیاروں کا بھی اس طرح ایک سیدھ میں آنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔
سورج پورے آسمان کا چکر تقریباً ایک سال کے عرصے میں لگاتا ہے یعنی ہر سال ستمبر کے مہینے میں سورج ورگو کے مجسمے میں ہی پایا جاتا رہا ہے۔ اسی طرح چاند ہر مہینے یہ چکر لگاتا ہے یعنی ہر مہینے اِس بُرّج سے گزرتا ہے۔ اور ستمبر کے مہینے میں (جب سورج ورگو میں موجود ہوگا) کسی ایک دن چاند اس عورت کے پیروں میں آئے گا۔
رہی بات مشتری کے اِس بُرّج میں موجود ہونے کی تو میں بتاتا چلوں کہ مشتری آسمان میں ایک چکر تقریباً گیارہ سالوں میں مکمل کرتا ہے یعنی کہ آج سے گیارہ یا بارہ سال پہلے ٢٠٠٥ء میں بھی یہ سیارہ ورگو میں ہی موجود تھا اور آج بھی اسی میں سے موجود ہے۔  
مزید یہ کہ "لیو" بُرّجِ اسد میں نو واضح ستارے موجود ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو ضروری نہیں کہ یہ عدد نو ہی ہو، کیونکہ باقی ستاروں کو مِلایا جائے تو یہ عدد دس یا اس سے زیادہ بن جائے گا۔ اس صورت میں اِس بُرّج میں کُل ۱۳ یا اِس سے زیادہ ظاہری ستارے (١٠ ستارے اور ٣ سیارے) ہوجائیں تو "بارہ ستاروں والی پیشن گوئی غلط ثابت ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ سازشی نظریوں اور اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں نے اپنی بات میں دم پیدا کرنے کے لئے اپنی طرف سے یہ بات بھی بیچ میں شامل کردی ہے کہ ایسا آسمانی واقعہ ٧٠٠٠ سالوں میں ایک دفعہ دیکھنے کو ملتا ہے اور یہ خدا کے کسی مجزے سے کم نہیں۔ حالانکہ اگر فلکیاتی سافٹ ویئر کے استعمال سے اس بات کی تحقیق کی جائے تو باآسانی ان لوگوں کی بات کو غلط قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ اگر صرف پچھلے١٠٠٠ سالوں کا ہی ریکارڈ دیکھ لیا جائے تو اس عرصے میں چار مرتبہ یہی ترتیب (کہ سورج ورگو عورت کے کندھے پر، چاند اس کے پیروں کی طرف، سیارہ مشتری اس کے درمیانی حصّے میں اور بارہ ستاروں کا تاج اس کے سر پر) دیکھی جاچکی ہے اور اس سال ۲۳ ستمبر ٢٠١٧ء کو یہ واقعہ پانچویں بار پیش آئے گا۔ یہی ترتیب ستمبر ١٠٥٦ء، ستمبر ١٢٩٣ء، ستمبر ١٤٨٣ء اور ستمبر ١٨٢٧ء میں بھی دیکھی گئی تھی اور یقیناً تب بھی دنیا میں یہی افواہ پھیلائی گئی ہوگی کہ دنیا تباہ ہونے والی ہے!!!
یہ رپورٹ پیش کرنے کا مقصد آپ لوگوں کو اس امر سے آگاہ کرنا تھا کہ جس طرح ٢٠١٢ء میں دنیا کی تباہی کی افواہیں اڑائی جارہی تھیں اور پھر وہ سب دھری کی دھری رہ گئیں، اسی طرح یہ اب بھی محض افوہیں ہیں۔ یہ سب قدرت کے مناظر ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ان کو دیکھ کر اس کے بنانے والے کی حمدوثناء کریں بجائے اس کے کہ اپنی کم علمی کے باعث عجیب و غریب افواہیں اڑانے میں مشغول ہوجائیں جوکہ سراسر جاہلیت ہے۔
ربِ کریم ہم سب کو ہدایت دے۔ آمین!

یہ رپورٹ "ڈان" پر شائع ہوچکی ہے۔

اسی مصنف کی اور دوسری تصانیف پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔

Popular Posts